فون نے کہا
“آپ کا اسکرین ٹائم
پچھلے ہفتے سے بیس فیصد بڑھ گیا ہے”
میں نے سوچا
اور میری خاموشی؟
اس کا حساب کون رکھتا ہے
میرے پاس
اکیس گروپ ہیں
ہر گروپ میں
کسی کی سالگرہ ہے
کسی کی وفات
کسی کا بچہ
پہلی بار چلا ہے
میں سب کو انگوٹھا بھیجتی ہوں
مبارک ہو، افسوس ہوا، ماشاءاللہ
ایک ہی انگوٹھا
تینوں کے لیے
رات کو
فون کو الٹا رکھ کر
میں چھت کو دیکھتی ہوں
وہاں کوئی سرخ نقطہ نہیں
کوئی “ان ریڈ” نہیں
بس ایک پنکھا ہے
جو آہستہ آہستہ
وہی کہتا رہتا ہے
جو نانی کہتی تھیں:
سو جا بیٹی
دنیا صبح بھی یہیں ہوگی
Urdu · اردو





