دل سے خیال دوست بھلایا نہ جائے گا
سینے میں داغ ہے کہ مٹایا نہ جائے گا
تم کو ہزار شرم سہی مجھ کو لاکھ ضبط
الفت وہ راز ہے کہ چھپایا نہ جائے گا
اے دل رضائے غیر ہے شرط رضائے دوست
زنہار بار عشق اٹھایا نہ جائے گا
دیکھی ہیں ایسی ان کی بہت مہربانیاں
اب ہم سے منہ میں موت کے جایا نہ جائے گا
مے تند و ظرف حوصلۂ اہل بزم تنگ
ساقی سے جام بھر کے پلایا نہ جائے گا
راضی ہیں ہم کہ دوست سے ہو دشمنی مگر
دشمن کو ہم سے دوست بنایا نہ جائے گا
کیوں چھیڑتے ہو ذکر نہ ملنے کا رات کے
پوچھیں گے ہم سبب تو بتایا نہ جائے گا
بگڑیں نہ بات بات پہ کیوں جانتے ہیں وہ
ہم وہ نہیں کہ ہم کو منایا نہ جائے گا
ملنا ہے آپ سے تو نہیں حصر غیر پر
کس کس سے اختلاط بڑھایا نہ جائے گا
مقصود اپنا کچھ نہ کھلا لیکن اس قدر
یعنی وہ ڈھونڈتے ہیں جو پایا نہ جائے گا
جھگڑوں میں اہل دیں کے نہ حالیؔ پڑیں بس آپ
قصہ حضور سے یہ چکایا نہ جائے گا
English
Related writings
مجھے دل کی خطا پر یاسؔ شرمانا نہیں آتا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
آپ میں کیونکر رہے کوئی یہ ساماں دیکھ کر – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
ہر گھڑی انقلاب میں گزری – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
کچھ کہے جاتا تھا غرق اپنے ہی افسانے میں تھا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
ہماری آنکھوں میں اشکوں کا آ کے رہ جانا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
جب حسن بے مثال پر اتنا غرور تھا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی


