یہاں بارش
اجازت لے کر نہیں آتی
نہ جاتی ہے
انگریز کہتے ہیں
“لَولی ویدر”
اور طنز سے مسکراتے ہیں
میں بھی مسکراتا ہوں
مگر میری مسکراہٹ میں
بھروچ کی پہلی بارش ہے
جب نرمدا کے کنارے
مٹی کی خوشبو
گھر کے اندر تک چلی آتی تھی
اور ابّو
پکوڑوں کی فرمائش کرتے تھے
یہاں مٹی کی کوئی خوشبو نہیں
بس گیلے فٹ پاتھ
اور چھتریوں کی قطار
پھر بھی
کل ایک بزرگ سکھ مسافر
بس میں چڑھتے ہوئے بولے:
“پتر، اج تے ساون ورگا موسم اے”
اور ایک لمحے کو
پوری بس
پنجاب اور گجرات کے بیچ
کہیں
ایک کچّے راستے پر
چلنے لگی
Urdu · اردو





