رنج اور رنج بھی تنہائی کا
وقت پہنچا مری رسوائی کا
عمر شاید نہ کرے آج وفا
کاٹنا ہے شب تنہائی کا
تم نے کیوں وصل میں پہلو بدلا
کس کو دعویٰ ہے شکیبائی کا
ایک دن راہ پہ جا پہنچے ہم
شوق تھا بادیہ پیمائی کا
اس سے نادان ہی بن کر ملیے
کچھ اجارہ نہیں دانائی کا
سات پردوں میں نہیں ٹھہرتی آنکھ
حوصلہ کیا ہے تماشائی کا
درمیاں پائے نظر ہے جب تک
ہم کو دعویٰ نہیں بینائی کا
کچھ تو ہے قدر تماشائی کی
ہے جو یہ شوق خود آرائی کا
اس کو چھوڑا تو ہے لیکن اے دل
مجھ کو ڈر ہے تری خود رائی کا
بزم دشمن میں نہ جی سے اترا
پوچھنا کیا تری زیبائی کا
یہی انجام تھا اے فصل خزاں
گل و بلبل کی شناسائی کا
مدد اے جذبۂ توفیق کہ یاں
ہو چکا کام توانائی کا
محتسب عذر بہت ہیں لیکن
اذن ہم کو نہیں گویائی کا
ہوں گے حالیؔ سے بہت آوارہ
گھر ابھی دور ہے رسوائی کا
English
Related writings
ضبط اپنا شعار تھا نہ رہا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
نام بدنام ہے ناحق شب تنہائی کا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
مزہ گناہ کا جب تھا کہ با وضو کرتے – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
ہر سانس کے ساتھ جا رہا ہوں – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
مآل سوز غم ہائے نہانی دیکھتے جاؤ – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
اب بھی اک عمر پہ جینے کا نہ انداز آیا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی


