ایک ستم اور لاکھ ادائیں اف ری جوانی ہائے زمانے
ترچھی نگاہیں تنگ قبائیں اف ری جوانی ہائے زمانے
ہجر میں اپنا اور ہے عالم ابر بہاراں دیدۂ پر نم
ضد کہ ہمیں وہ آپ بلائیں اف ری جوانی ہائے زمانے
اپنی ادا سے آپ جھجکنا اپنی ہوا سے آپ کھٹکنا
چال میں لغزش منہ پہ حیائیں اف ری جوانی ہائے زمانے
ہاتھ میں آڑی تیغ پکڑنا تاکہ لگے بھی زخم تو اوچھا
قصد کہ پھر جی بھر کے ستائیں اف ری جوانی ہائے زمانے
کالی گھٹائیں باغ میں جھولے دھانی دوپٹے لٹ جھٹکائے
مجھ پہ یہ قدغن آپ نہ آئیں اف ری جوانی ہائے زمانے
پچھلے پہر اٹھ اٹھ کے نمازیں ناک رگڑنی سجدوں پہ سجدے
جو نہیں جائز اس کی دعائیں اف ری جوانی ہائے زمانے
شادؔ نہ وہ دیدار پرستی اور نہ وہ بے نشہ کی مستی
تجھ کو کہاں سے ڈھونڈ کے لائیں اف ری جوانی ہائے زمانے
English
Related writings
جو طوفانوں میں پلتے جا رہے ہیں – جگر مراد آبادیUrdu Classicsجگر مراد آبادی
دل لگانے کی جگہ عالم ایجاد نہیں – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
چلے چلو جہاں لے جائے ولولہ دل کا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
اسیر جسم ہوں میعاد قید لا معلوم – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
کچھ اکیلی نہیں مری قسمت – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
ناتواں عشق نے آخر کیا ایسا ہم کو – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی



