آگ اشک گرم کو لگے جی کیا ہی جل گیا
آنسو چو اس نے پونچھے شب اور ہاتھ پھل گیا
پھوڑا تھا دل نہ تھا یہ موے پر خلل گیا
جب ٹھیس سانس کی لگی دم ہی نکل گیا
کیا روؤں خیرہ چشمی بخت سیاہ کو
واں شغل سرمہ ہے ابھی یاں سیل ڈھل گیا
کی مجھ کو ہاتھ ملنے کی تعلیم ورنہ کیوں
غیروں کو آگے بزم میں وہ عطر مل گیا
اس کوچے کی ہوا تھی کہ میری ہی آہ تھی
کوئی تو دل کی آگ پہ پنکھا سا جھل گیا
جوں خفتگان خاک ہے اپنی فتادگی
آیا جو زلزلہ کبھی کروٹ بدل گیا
اس نقش پا کے سجدے نے کیا کیا کیا ذلیل
میں کوچۂ رقیب میں بھی سر کے بل گیا
کچھ جی گرا پڑے تھا پر اب تو نے ناز سے
مجھ کو گرا دیا تو مرا جی سنبھل گیا
مل جائے گر یہ خاک میں اس نے وہاں کی خاک
گل کی تھی کیوں کہ پاؤں وہ نازک پھسل گیا
بت خانے سے نہ کعبے کو تکلیف دے مجھے
مومنؔ بس اب معاف کہ یاں جی بہل گیا
English
Related writings
اگر اپنی چشم نم پر مجھے اختیار ہوتا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
جب کسی نے حال پوچھا رو دیا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
کیوں کسی سے وفا کرے کوئی – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
جو طوفانوں میں پلتے جا رہے ہیں – جگر مراد آبادیUrdu Classicsجگر مراد آبادی
زندگی جبر ہے اور جبر کے آثار نہیں – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
ادب نے دل کے تقاضے اٹھائے ہیں کیا کیا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی



