چل پرے ہٹ مجھے نہ دکھلا منہ
اے شب ہجر تیرا کالا منہ
آرزوئے نظارہ تھی تو نے
اتنی ہی بات پر چھپایا منہ
دشمنوں سے بگڑ گئی تو بھی
دیکھتے ہی مجھے بنایا منہ
بات پوری بھی منہ سے نکلی نہیں
آپ نے گالیوں پہ کھولا منہ
ہو گیا راز عشق بے پردہ
اس نے پردے سے جو نکالا منہ
شب غم کا بیان کیا کیجئے
ہے بڑی بات اور چھوٹا منہ
جب کہا یار سے دکھا صورت
ہنس کے بولا کہ دیکھو اپنا منہ
کس کو خون جگر پلائے گا
ساغر مے کو کیوں لگایا منہ
پھر گئی آنکھ مثل قبلہ نما
جس طرف اس صنم نے پھیرا منہ
گھر میں بیٹھے تھے کچھ اداس سے وہ
بولے بس دیکھتے ہی میرا منہ
ہم بھی غمگین سے ہیں آج کہیں
صبح اٹھے تھے دیکھ تیرا منہ
سنگ اسود نہیں ہے چشم بتاں
بوسہ مومنؔ طلب کرے کیا منہ
English
Related writings
اب بھی اک عمر پہ جینے کا نہ انداز آیا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
اگر مرتے ہوئے لب پر نہ تیرا نام آئے گا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
ابتدائے عشق ہے لطف شباب آنے کو ہے – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
اسیر جسم ہوں میعاد قید لا معلوم – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
پوچھتے کیا ہو جو حال شب تنہائی تھا – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
مجھے دل کی خطا پر یاسؔ شرمانا نہیں آتا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی



