تہمت چند اپنے ذمے دھر چلے
جس لیے آئے تھے سو ہم کر چلے
زندگی ہے یا کوئی طوفان ہے
ہم تو اس جینے کے ہاتھوں مر چلے
کیا ہمیں کام ان گلوں سے اے صبا
ایک دم آئے ادھر اودھر چلے
دوستو دیکھا تماشا یاں کا سب
تم رہو خوش ہم تو اپنے گھر چلے
آہ بس مت جی جلا تب جانیے
جب کوئی افسوں ترا اس پر چلے
ایک میں دل ریش ہوں ویسا ہی دوست
زخم کتنوں کے سنا ہے بھر چلے
شمع کے مانند ہم اس بزم میں
چشم تر آئے تھے دامن تر چلے
ڈھونڈھتے ہیں آپ سے اس کو پرے
شیخ صاحب چھوڑ گھر باہر چلے
ہم نہ جانے پائے باہر آپ سے
وہ ہی آڑے آ گیا جیدھر چلے
ہم جہاں میں آئے تھے تنہا ولے
ساتھ اپنے اب اسے لے کر چلے
جوں شرر اے ہستیٔ بے بود یاں
بارے ہم بھی اپنی باری بھر چلے
ساقیا یاں لگ رہا ہے چل چلاؤ
جب تلک بس چل سکے ساغر چلے
دردؔ کچھ معلوم ہے یہ لوگ سب
کس طرف سے آئے تھے کیدھر چلے
English
Related writings
خودی کا نشہ چڑھا آپ میں رہا نہ گیا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
یاں ہوش سے بے زار ہوا بھی نہیں جاتا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
بیٹھا ہوں پاؤں توڑ کے تدبیر دیکھنا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
چلے چلو جہاں لے جائے ولولہ دل کا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
بھاگا تو بہت تھا موت سے میں کم بخت نے لیکن آن لیا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
کس کی آواز کان میں آئی – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی


