نہ ابتدا کی خبر ہے نہ انتہا معلوم
رہا یہ وہم کہ ہم ہیں سو وہ بھی کیا معلوم
دعا تو خیر دعا سے امید خیر بھی ہے
یہ مدعا ہے تو انجام مدعا معلوم
ہوا نہ راز رضا فاش وہ تو یہ کہیے
مرے نصیب میں تھی ورنہ سعیٔ نا معلوم
مری وفا کے سوا غایت جفا کیوں ہو
تری جفا کے سوا حاصل وفا معلوم
کچھ ان کے رحم پہ تھی یوں ہی زندگی موقوف
کہ ان کو راز محبت بھی ہو گیا معلوم
ترے خیال کے اسرار بے خودی میں کھلے
ہمیں چھپا نہ سکے ورنہ دل کو کیا معلوم
فریب امن میں کچھ مصلحت تو ہے ورنہ
سکون کشتی و توفیق ناخدا معلوم
وہ التفات کہ تھا اس کی انتہا بھی ہے
خدا کی مار کہ دل کو یہی نہ تھا معلوم
یہ زندگی کی ہے روداد مختصر فانیؔ
وجود درد مسلم علاج نا معلوم
English
Related writings
تمناؤں میں الجھایا گیا ہوں – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
تیر قاتل کا یہ احساں رہ گیا – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
اے اجل اے جان فانیؔ تو نے یہ کیا کر دیا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
کسی کے ایک اشارے میں کس کو کیا نہ ملا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
خودی کا نشہ چڑھا آپ میں رہا نہ گیا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
اب بھی اک عمر پہ جینے کا نہ انداز آیا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی



