باغ پا کر خفقانی یہ ڈراتا ہے مجھے
سایۂ شاخ گل افعی نظر آتا ہے مجھے
جوہر تیغ بہ سر چشمۂ دیگر معلوم
ہوں میں وہ سبزہ کہ زہراب اگاتا ہے مجھے
مدعا محو تماشائے شکست دل ہے
آئنہ خانہ میں کوئی لیے جاتا ہے مجھے
نالہ سرمایۂ یک عالم و عالم کف خاک
آسماں بیضۂ قمری نظر آتا ہے مجھے
زندگی میں تو وہ محفل سے اٹھا دیتے تھے
دیکھوں اب مر گئے پر کون اٹھاتا ہے مجھے
باغ تجھ بن گل نرگس سے ڈراتا ہے مجھے
چاہوں گر سیر چمن آنکھ دکھاتا ہے مجھے
شور تمثال ہے کس رشک چمن کا یا رب
آئنہ بیضۂ بلبل نظر آتا ہے مجھے
حیرت آئنہ انجام جنوں ہوں جیوں شمع
کس قدر داغ جگر شعلہ اٹھاتا ہے مجھے
میں ہوں اور حیرت جاوید مگر ذوق خیال
بہ فسون نگۂ ناز ستاتا ہے مجھے
حیرت فکر سخن ساز سلامت ہے اسدؔ
دل پس زانوئے آئینہ بٹھاتا ہے مجھے
English
Related writings
یاں ہوش سے بے زار ہوا بھی نہیں جاتا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
داستان غم دل ان کو سنائی نہ گئی – جگر مراد آبادیUrdu Classicsجگر مراد آبادی
کچھ کہے جاتا تھا غرق اپنے ہی افسانے میں تھا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
اپنی جنت مجھے دکھلا نہ سکا تو واعظ – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
جینے کی ہے امید نہ مرنے کا یقیں ہے – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
کس کی آواز کان میں آئی – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی



