جو اس شور سے میرؔ روتا رہے گا
تو ہمسایہ کاہے کو سوتا رہے گا
میں وہ رونے والا جہاں سے چلا ہوں
جسے ابر ہر سال روتا رہے گا
مجھے کام رونے سے اکثر ہے ناصح
تو کب تک مرے منہ کو دھوتا رہے گا
بس اے گریہ آنکھیں تری کیا نہیں ہیں
کہاں تک جہاں کو ڈبوتا رہے گا
مرے دل نے وہ نالہ پیدا کیا ہے
جرس کے بھی جو ہوش کھوتا رہے گا
تو یوں گالیاں غیر کو شوق سے دے
ہمیں کچھ کہے گا تو ہوتا رہے گا
بس اے میرؔ مژگاں سے پونچھ آنسوؤں کو
تو کب تک یہ موتی پروتا رہے گا
English
Related writings
یار کو رغبت اغیار نہ ہونے پائے – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
تمناؤں میں الجھایا گیا ہوں – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
ہم موت بھی آئے تو مسرور نہیں ہوتے – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
قسم نہ کھاؤ تغافل سے باز آنے کی – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
ایک ستم اور لاکھ ادائیں اف ری جوانی ہائے زمانے – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
ابتدائے عشق ہے لطف شباب آنے کو ہے – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی


