آنکھ اس پرجفا سے لڑتی ہے
جان کشتی قضا سے لڑتی ہے
شعلہ بھڑکے نہ کیوں کہ محفل میں
شمع تجھ بن ہوا سے لڑتی ہے
قسمت اس بت سے جا لڑی اپنی
دیکھو احمق خدا سے لڑتی ہے
شور قلقل یہ کیوں ہے دختر رز
کیا کسی پارسا سے لڑتی ہے
نہیں مژگاں کی دو صفیں گویا
اک بلا اک بلا سے لڑتی ہے
نگۂ ناز اس کی عاشق سے
چھوٹ کس کس ادا سے لڑتی ہے
تیرے بیمار کے سر بالیں
موت کیا کیا شفا سے لڑتی ہے
زال دنیا نے صلح کی کس دن
یہ لڑاکا سدا سے لڑتی ہے
واہ کیا کیا طبیعت اپنی بھی
عشق میں ابتدا سے لڑتی ہے
دیکھ اس چشم مست کی شوخی
جب کسی پارسا سے لڑتی ہے
تیری شمشیر خوں کے چھینٹوں سے
چھینٹے آب بقا سے لڑتی ہے
سچ ہے الحرب خدعۃ اے ذوقؔ
نگہ اس کی دغا سے لڑتی ہے
English
Related writings
کام دیوانوں کو شہروں سے نہ بازاروں سے – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
نہ دل اپنا نہ غم اپنا نہ کوئی غم گسار اپنا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
وہ جی گیا جو عشق میں جی سے گزر گیا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
پوچھتے کیا ہو جو حال شب تنہائی تھا – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
جب حسن بے مثال پر اتنا غرور تھا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
زمانے پر نہ سہی دل پہ اختیار رہے – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی



