کس کی آواز کان میں آئی
دور کی بات دھیان میں آئی
ایسی آزاد روح اس تن میں
کیوں پرانے مکان میں آئی
آپ آتے رہے بلاتے رہے
آنے والی اک آن میں آئی
ہائے کیا کیا نگاہ بھٹکی ہے
جب کبھی امتحان میں آئی
یہ کنارہ چلا کہ ناؤ چلی
کہیے کیا بات دھیان میں آئی
علم کیا علم کی حقیقت کیا
جیسی جس کے گمان میں آئی
کون جانے ندائے حق کیا ہے
کس خدا کی زبان میں آئی
ایسی پائے خطا کہ اف نہ کرے
ڈھیل جس کی زبان میں آئی
حسن کیا خواب سے ہوا بیدار
جان تازہ جہان میں آئی
آپ کی یہ اکڑ ارے توبہ
کب کسی نوجوان میں آئی
جان لیوا ہے یہ چڑھی تیوری
یہ کشش کس کمان میں آئی
بات ادھوری مگر اثر دونا
اچھی لکنت زبان میں آئی
آنکھ نیچی ہوئی ارے یہ کیا
کیوں غرض درمیان میں آئی
میں پیمبر نہیں یگانہؔ سہی
اس سے کیا کسر شان میں آئی
English
Related writings
جب کسی نے حال پوچھا رو دیا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
تیری زلفیں غیر اگر سلجھائے گا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
دل کی طرف حجاب تکلف اٹھا کے دیکھ – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
اک فسانہ سن گئے اک کہہ گئے – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
میں شادؔ تنہا اک طرف دنیا کی دنیا اک طرف – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
کیا فقط طالب دیدار تھا موسیٰ تیرا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی

