وہ ادائے دلبری ہو کہ نوائے عاشقانہ
جو دلوں کو فتح کر لے وہی فاتح زمانہ
کبھی حسن کی طبیعت نہ بدل سکا زمانہ
وہی ناز بے نیازی وہی شان خسروانہ
یہ ترا جمال کامل یہ شباب کا زمانہ
دل دشمناں سلامت دل دوستاں نشانہ
یہ فلک یہ ماہ و انجم یہ زمین یہ زمانہ
ترے حسن کی حکایت مرے عشق کا فسانہ
یہ ہے عشق کی کرامت یہ کمال شاعرانہ
ابھی منہ سے بات نکلی ابھی ہو گئی فسانہ
یہ مرا پیام کہنا تو صبا مودبانہ
کہ گزر گیا ہے پیارے تجھے دیکھے اک زمانہ
مجھے چاک جیب و دامن سے نہیں مناسبت کچھ
یہ جنوں ہی کو مبارک رہ و رسم عامیانہ
تجھے حادثات پیہم سے بھی کیا ملے گا ناداں
ترا دل اگر ہو زندہ تو نفس بھی تازیانہ
میں ہوں اس مقام پر اب کہ فراق و وصل کیسے
مرا عشق بھی کہانی ترا حسن بھی فسانہ
مری زندگی تو گزری ترے ہجر کے سہارے
مری موت کو بھی پیارے کوئی چاہیئے بہانہ
ترے عشق کی کرامت یہ اگر نہیں تو کیا ہے
کبھی بے ادب نہ گزرا مرے پاس سے زمانہ
تری دوری و حضوری کا یہ ہے عجیب عالم
ابھی زندگی حقیقت ابھی زندگی فسانہ
مرے ہم صفیر بلبل مرا تیرا ساتھ ہی کیا
میں ضمیر دشت و دریا تو اسیر آشیانہ
میں وہ صاف ہی نہ کہہ دوں جو ہے فرق مجھ میں تجھ میں
ترا درد درد تنہا مرا غم غم زمانہ
ترے دل کے ٹوٹنے پر ہے کسی کو ناز کیا کیا
تجھے اے جگرؔ مبارک یہ شکست فاتحانہ
English
Related writings
تری ترچھی نظر کا تیر ہے مشکل سے نکلے گا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
کیا چھپاتے کسی سے حال اپنا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
یہ دلجمعی جئے جب تک جئے جینا اسی کا ہے – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
اگر مرتے ہوئے لب پر نہ تیرا نام آئے گا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
ہنوز زندگیٔ تلخ کا مزہ نہ ملا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
اے اجل اے جان فانیؔ تو نے یہ کیا کر دیا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی


