ظاہر کی آنکھ سے نہ تماشا کرے کوئی
ہو دیکھنا تو دیدۂ دل وا کرے کوئی
منصور کو ہوا لب گویا پیام موت
اب کیا کسی کے عشق کا دعویٰ کرے کوئی
ہو دید کا جو شوق تو آنکھوں کو بند کر
ہے دیکھنا یہی کہ نہ دیکھا کرے کوئی
میں انتہائے عشق ہوں تو انتہائے حسن
دیکھے مجھے کہ تجھ کو تماشا کرے کوئی
عذر آفرین جرم محبت ہے حسن دوست
محشر میں عذر تازہ نہ پیدا کرے کوئی
چھپتی نہیں ہے یہ نگہ شوق ہم نشیں
پھر اور کس طرح انہیں دیکھا کرے کوئی
اڑ بیٹھے کیا سمجھ کے بھلا طور پر کلیم
طاقت ہو دید کی تو تقاضا کرے کوئی
نظارے کو یہ جنبش مژگاں بھی بار ہے
نرگس کی آنکھ سے تجھے دیکھا کرے کوئی
کھل جائیں کیا مزے ہیں تمنائے شوق میں
دو چار دن جو میری تمنا کرے کوئی
English
Related writings
لے کے خود پیر مغاں ہاتھ میں مینا آیا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
نہ دل اپنا نہ غم اپنا نہ کوئی غم گسار اپنا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
ناتواں عشق نے آخر کیا ایسا ہم کو – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
مآل سوز غم ہائے نہانی دیکھتے جاؤ – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
کیا تعجب کہ مری روح رواں تک پہنچے – جگر مراد آبادیUrdu Classicsجگر مراد آبادی
ہماری آنکھوں میں اشکوں کا آ کے رہ جانا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی



