نالہ ہے بلبل شوریدہ ترا خام ابھی
اپنے سینہ میں اسے اور ذرا تھام ابھی
پختہ ہوتی ہے اگر مصلحت اندیش ہو عقل
عشق ہو مصلحت اندیش تو ہے خام ابھی
بے خطر کود پڑا آتش نمرود میں عشق
عقل ہے محو تماشائے لب بام ابھی
عشق فرمودۂ قاصد سے سبک گام عمل
عقل سمجھی ہی نہیں معنئ پیغام ابھی
شیوۂ عشق ہے آزادی و دہر آشوبی
تو ہے زناریٔ بت خانۂ ایام ابھی
عذر پرہیز پہ کہتا ہے بگڑ کر ساقی
ہے ترے دل میں وہی کاوش انجام ابھی
سعئ پیہم ہے ترازوئے کم و کیف حیات
تیری میزاں ہے شمار سحر و شام ابھی
ابر نیساں یہ تنک بخشیٔ شبنم کب تک
میرے کہسار کے لالے ہیں تہی جام ابھی
بادہ گردان عجم وہ عربی میری شراب
مرے ساغر سے جھجکتے ہیں مے آشام ابھی
خبر اقبالؔ کی لائی ہے گلستاں سے نسیم
نو گرفتار پھڑکتا ہے تہ دام ابھی
English
Related writings
لے کے خود پیر مغاں ہاتھ میں مینا آیا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
یاں ہوش سے بے زار ہوا بھی نہیں جاتا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
خلق کہتی ہے جسے دل ترے دیوانے کا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
اگر مرتے ہوئے لب پر نہ تیرا نام آئے گا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
کسی کے ایک اشارے میں کس کو کیا نہ ملا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
اے اجل اے جان فانیؔ تو نے یہ کیا کر دیا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی

