دل گیا تم نے لیا ہم کیا کریں
جانے والی چیز کا غم کیا کریں
ہم نے مر کر ہجر میں پائی شفا
ایسے اچھوں کا وہ ماتم کیا کریں
اپنے ہی غم سے نہیں ملتی نجات
اس بنا پر فکر عالم کیا کریں
ایک ساغر پر ہے اپنی زندگی
رفتہ رفتہ اس سے بھی کم کیا کریں
کر چکے سب اپنی اپنی حکمتیں
دم نکلتا ہو تو ہمدم کیا کریں
دل نے سیکھا شیوۂ بیگانگی
ایسے نامحرم کو محرم کیا کریں
معرکہ ہے آج حسن و عشق کا
دیکھیے وہ کیا کریں ہم کیا کریں
آئینہ ہے اور وہ ہیں دیکھیے
فیصلہ دونوں یہ باہم کیا کریں
آدمی ہونا بہت دشوار ہے
پھر فرشتے حرص آدم کیا کریں
تند خو ہے کب سنے وہ دل کی بات
اور بھی برہم کو برہم کیا کریں
حیدرآباد اور لنگر یاد ہے
اب کے دلی میں محرم کیا کریں
کہتے ہیں اہل سفارش مجھ سے داغؔ
تیری قسمت ہے بری ہم کیا کریں
English
Related writings
سلسلہ چھڑ گیا جب یاسؔ کے افسانے کا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
کس دل سے ترک لذت دنیا کرے کوئی – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
ابتدائے عشق ہے لطف شباب آنے کو ہے – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
پوچھتے کیا ہو جو حال شب تنہائی تھا – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
تیر قاتل کا یہ احساں رہ گیا – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
کیا تعجب کہ مری روح رواں تک پہنچے – جگر مراد آبادیUrdu Classicsجگر مراد آبادی



