مزہ تھا ہم کو جو لیلیٰ سے دو بہ دو کرتے
کہ گل تمہاری بہاروں میں آرزو کرتے
مزے جو موت کے عاشق بیاں کبھو کرتے
مسیح و خضر بھی مرنے کی آرزو کرتے
غرض تھی کیا ترے تیروں کو آب پیکاں سے
مگر زیارت دل کیوں کہ بے وضو کرتے
عجب نہ تھا کہ زمانے کے انقلاب سے ہم
تیمم آب سے اور خاک سے وضو کرتے
اگر یہ جانتے چن چن کے ہم کو توڑیں گے
تو گل کبھی نہ تمنائے رنگ و بو کرتے
سمجھ یہ دار و رسن تار و سوزن اے منصور
کہ چاک پردہ حقیقت کا ہیں رفو کرتے
یقیں ہے صبح قیامت کو بھی صبوحی کش
اٹھیں گے خواب سے ساقی سبو سبو کرتے
نہ رہتی یوسف کنعاں کی گرمئ بازار
مقابلے میں جو ہم تجھ کو روبرو کرتے
چمن بھی دیکھتے گلزار آرزو کی بہار
تمہاری باد بہاری میں آرزو کرتے
سراغ عمر گزشتہ کا کیجئے گر ذوقؔ
تمام عمر گزر جائے جستجو کرتے
English
Related writings
کس دل سے ترک لذت دنیا کرے کوئی – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
یہی موقع ہے زمانے سے گزر جانے کا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
قسم نہ کھاؤ تغافل سے باز آنے کی – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
قیامت ہے شب وعدہ کا اتنا مختصر ہونا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
ضبط اپنا شعار تھا نہ رہا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
زمانہ خدا کو خدا جانتا ہے – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی


