Skip to main content

The Poetic Land

TYPE AT LEAST 3 CHARACTERS TO SEARCH...

گر دیکھیے تو مظہر آثار بقا ہوں

گر دیکھیے تو مظہر آثار بقا ہوں
اور سمجھئے جوں عکس مجھے محو فنا ہوں

کرتا ہوں پس از مرگ بھی حل مشکل عالم
بے حس ہوں پہ ناخن کی طرح عقدہ کشا ہوں

ممنون مرے فیض کے سب اہل نظر ہیں
جوں نور ہر اک چشم کا دیدار نما ہوں

ہے مظہر انوار صفا میری کدورت
ہر چند کہ آہن ہوں پر آئینہ بنا ہوں

احوال دو عالم ہے مرے دل پہ ہویدا
سمجھا نہیں تا حال پر اپنے تئیں کیا ہوں

آواز نہیں قید میں زنجیر کی ہرگز
ہر چند کہ عالم میں ہوں عالم سے جدا ہوں

ہوں قافلہ سالار طریق قد ما دردؔ
جوں نقش قدم خلق کو میں راہنما ہوں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *