جگ میں کوئی نہ ٹک ہنسا ہوگا
کہ نہ ہنستے میں رو دیا ہوگا
ان نے قصداً بھی میرے نالے کو
نہ سنا ہوگا گر سنا ہوگا
دیکھیے اب کے غم سے جی میرا
نہ بچے گا بچے گا کیا ہوگا
دل زمانے کے ہاتھ سے سالم
کوئی ہوگا جو رہ گیا ہوگا
حال مجھ غم زدہ کا جس تس نے
جب سنا ہوگا رو دیا ہوگا
دل کے پھر زخم تازہ ہوتے ہیں
کہیں غنچہ کوئی کھلا ہوگا
یک بہ یک نام لے اٹھا میرا
جی میں کیا اس کے آ گیا ہوگا
میرے نالوں پہ کوئی دنیا میں
بن کیے آہ کم رہا ہوگا
لیکن اس کو اثر خدا جانے
نہ ہوا ہوگا یا ہوا ہوگا
قتل سے میرے وہ جو باز رہا
کسی بد خواہ نے کہا ہوگا
دل بھی اے دردؔ قطرۂ خوں تھا
آنسوؤں میں کہیں گرا ہوگا
English
Related writings
کیا فقط طالب دیدار تھا موسیٰ تیرا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
کس کی آواز کان میں آئی – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
کیا چھپاتے کسی سے حال اپنا – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
سلامت رہیں دل میں گھر کرنے والے – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
ہنوز زندگیٔ تلخ کا مزہ نہ ملا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
مجھے دل کی خطا پر یاسؔ شرمانا نہیں آتا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی


