ہمارے آگے ترا جب کسو نے نام لیا
دل ستم زدہ کو ہم نے تھام تھام لیا
قسم جو کھائیے تو طالع زلیخا کی
عزیز مصر کا بھی صاحب اک غلام لیا
خراب رہتے تھے مسجد کے آگے مے خانے
نگاہ مست نے ساقی کی انتقام لیا
وہ کج روش نہ ملا راستے میں مجھ سے کبھی
نہ سیدھی طرح سے ان نے مرا سلام لیا
مزا دکھاویں گے بے رحمی کا تری صیاد
گر اضطراب اسیری نے زیر دام لیا
مرے سلیقے سے میری نبھی محبت میں
تمام عمر میں ناکامیوں سے کام لیا
اگرچہ گوشہ گزیں ہوں میں شاعروں میں میرؔ
پہ میرے شور نے روئے زمیں تمام لیا
English
Related writings
اثر کے پیچھے دل حزیں نے نشان چھوڑا نہ پھر کہیں کا – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
ہم موت بھی آئے تو مسرور نہیں ہوتے – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
کچھ اکیلی نہیں مری قسمت – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
تیس دن کے لئے ترک مے و ساقی کر لوں – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
جو طوفانوں میں پلتے جا رہے ہیں – جگر مراد آبادیUrdu Classicsجگر مراد آبادی
اب بھی اک عمر پہ جینے کا نہ انداز آیا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی



