گو جوانی میں تھی کج رائی بہت
پر جوانی ہم کو یاد آئی بہت
زیر برقع تو نے کیا دکھلا دیا
جمع ہیں ہر سو تماشائی بہت
ہٹ پہ اس کی اور پس جاتے ہیں دل
راس ہے کچھ اس کو خود رائی بہت
سرو یا گل آنکھ میں جچتے نہیں
دل پہ ہے نقش اس کی رعنائی بہت
چور تھا زخموں میں اور کہتا تھا دل
راحت اس تکلیف میں پائی بہت
آ رہی ہے چاہ یوسف سے صدا
دوست یاں تھوڑے ہیں اور بھائی بہت
وصل کے ہو ہو کے ساماں رہ گئے
مینہ نہ برسا اور گھٹا چھائی بہت
جاں نثاری پر وہ بول اٹھے مری
ہیں فدائی کم تماشائی بہت
ہم نے ہر ادنیٰ کو آلا کر دیا
خاکساری اپنی کام آئی بہت
کر دیا چپ واقعات دہر نے
تھی کبھی ہم میں بھی گویائی بہت
گھٹ گئیں خود تلخیاں ایام کی
یا گئی کچھ بڑھ شکیبائی بہت
ہم نہ کہتے تھے کہ حالیؔ چپ رہو
راست گوئی میں ہے رسوائی بہت
English
Related writings
جب حسن بے مثال پر اتنا غرور تھا – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
زندگی جبر ہے اور جبر کے آثار نہیں – فانی بدایونیUrdu Classicsفانی بدایونی
تیری زلفیں غیر اگر سلجھائے گا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی
زمانہ خدا کو خدا جانتا ہے – یگانہ چنگیزیUrdu Classicsیگانہ چنگیزی
تیر قاتل کا یہ احساں رہ گیا – شبلی نعمانیUrdu Classicsشبلی نعمانی
ہماری آنکھوں میں اشکوں کا آ کے رہ جانا – شاد عظیم آبادیUrdu Classicsشاد عظیم آبادی



